Hajom key Hathon Marne ki Azeyat - The Poetry Collections

Hot

Post Top Ad

Your Ad Spot

Wednesday, 16 February 2022

Hajom key Hathon Marne ki Azeyat

 .

 

ہجوم کے ہاتھوں مرنے کی اذیت

 
اکثر لوگ کہتے ہیں کہ جل کر مرنا سب سے اذیت ناک ہوتا ہے ، کوئی کہتا ہے پانی میں ڈُوب کر مرنا بُہت تکلیف دہ ہوتا ہے ۔ ضرور ہوتا ہوگا لیکن میرا ماننا ہے کہ ہجوم کے ہاتھوں مرنا سب سے زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے جب کِسی جِیتے جاگتے اِنسان کو اُسی جیسے سانس لیتے لوگ مار رہے ہوتے ہیں ۔ 
 
Hajom
 
ہر ٹھوکر ، چوٹ ، اینٹ ، پتھر یا لاٹھی اُس اُمید کو توڑتی جاتی ہے جو اُمید اُس کے وُجود میں سسک رہی ہوتی ہے کہ کوئی اُس کو بچا لے گا ، کوئی تو آئے گا ۔ کوئی نہیں آتا ، کوئی آتا بھی ہے تو اُس کی ہمت ، طاقت اور تعداد مارنے والوں سے بُہت کم ہوتی ہے ۔ 
 
مشعل خان ہو ، سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں مرنے والے دو بھائی ہوں یا سِری لنکن شہری ، تلمبہ میں مرنے والا ذہنی معذور یا ایسے ہی جانے کِتنے اور ۔ مشعل خان کو جب مارا جا رہا تھا تب کِتنی بار اُس نے اُمید بھری نظروں سے بچاؤ کی راہ تلاش کی ہوگی ، اُس کو اپنے والدین کے چہرے نظر آئے ہوں گے جنہیں وُہ شاید ایک بار اور دیکھنا چاہ رہا ہوگا ، وُہ دو بھائی جو ابھی نئے نئے جوان ہُوئے تھے اُنھوں نے زِندگی میں کیا دیکھا تھا ؟ 
 
لوگ کہتے ہیں وُہ ڈاکو تھے ، مُمکن ہے ڈاکو ہی تھے لیکن کیا اُن کا فیصلہ ہجوم نے کرنا تھا ؟ وُہ سِری لنکن شہری جو ایک بندے کی ٹانگ سے یُوں لِپٹا ہُوا تھا جیسے کوئی بچہ ڈر کر ماں سے لِپٹا ہو ، اُس کے دِل میں آخری بار کیا خیالات آئے ہوں گے ؟ 
 
اپنے بچوں کو ، بیوی کو ، ماں کو یاد کر رہا ہوگا ۔ اُسے یہ خیال آ رہا ہوگا کہ اب شاید وُہ کبھی اُنھیں دیکھ نہیں پائے گا ۔ کبھی سوچتا ہوگا کہ آج بچ گیا تو یہ نوکری چھوڑ دُوں گا ، پھر اِس مُلک میں نہیں آؤں گا لیکن اُس کی ہر آس اور ٹُوٹتی سانس ہر ایک نئی چوٹ کے ساتھ ڈُوبتی گئی کبھی نہ اُبھرنے کے لیے ۔ 
 
ابھی چند دِن پہلے مارا جانے والا ذہنی معذور تو شاید اپنے بچاؤ کا بھرپور ادراک بھی نہیں رکھتا تھا کہ سالوں سے اُس نے اپنی ضروریات کے لیے دُوسروں کی طرف دیکھا تھا ۔ جِس کے لیے کھانے پِینے تک کے معاملات دُوسروں پر مُنحصر تھے ۔ مرتے ہُوئے کیا سوچ رہا ہوگا ؟ اوہ معذرت مُجھے یاد نہیں رہا کہ وُہ سوچنے سمجھنے سے ویسا ہی عاری تھا جیسے اُس کو مارنے والے ۔
 
تو کیا بات ہو رہی تھی کہ آگ سے جل کر مرنا زیادہ  اذیت ناک ہوتا ہے یا ڈُوب کر مرنا ۔۔۔۔
آپ کا کیا خیال ہے ؟
 

Post Top Ad

Your Ad Spot